• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منشیات تقریب کی میزبانی کرنے پر کرن جوہر کیخلاف مقدمہ درج

تقریب میں کُھلے عام منشیات کا استعمال کرنے پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے بھارتی پروڈیوسر اور ہدایتکار کرن جوہر سمیت دیگر اداکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

سشانت سنگھ راجپوت خودکشی کیس میں جہاں آئے دن نئے نئے انکشافات ہو رہے ہیں تو وہیں بالی ووڈ کے اندرونی رازوں سے بھی پردہ اُٹھایا جارہا ہے۔

بھارتی میڈیاکی ایک رپورٹ کے مطابق دہلی کے سابق ایم ایل اے منجندر سنگھ سرسا نے ان بھارتی اداکاروں کے خلاف نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے پاس ایف آئی آر درج کی ہے جنہوں نے سال 2019 میں کرن جوہر کی میزبانی میں ایک تقریب میں شرکت کی تھی اور اُس تقریب میں کُھلے عام منشیات کا استعمال کیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس تقریب میں کرن جوہر کے قریبی ساتھیوں نے شرکت کی تھی جن میں دپیکاپڈوکون، رنبیر کپور، وکی کوشل، ارجن کپور، ملائیکہ اروڑا، شاہد کپور اور فلمساز ایان مکرجی سمیت کئی مشہور شخصیات شامل تھیں۔

دہلی کے سابق ایم ایل اے منجندر سنگھ سرسا نے زور دیا کہ اس معاملے کی جانچ پڑتال کی جائے کیونکہ اس کے نتیجے میں اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے خودکشی کیس میں مزید انکشافات بھی ظاہر ہوسکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کو بیان دیتے ہوئے سابق ایم ایل اے نے کہا کہ تقریب کی وائرل ہونے والی ویڈیو کے بارے میں انہوں نے گزشتہ سال ممبئی پولیس کو شکایت درج کروائی تھی لیکن انہوں نے اس کی تحقیقات کے لیے کوئی سخت کارروائی نہیں کی۔

دوسری جانب سابق ایم ایل اے نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر کرن جوہر سمیت دیگر اداکاروں کے خلاف درج ایف آئی آر کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

واضح رہے کہ منجندر سنگھ سرسا نے سال 2019 میں اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُس منشیات تقریب کی ویڈیو شیئر کی تھی جس کی میزبانی کرن جوہر نے کی تھی۔

تازہ ترین