بھارتی اداکار سشانت سنگھ خودکشی کیس میں منشیات کے استعمال کی تحقیقات کے دوران ریا چکرورتی نے انکشاف کیا ہے کہ سشانت کی سابقہ گرل فرینڈ سارہ علی خان بھی اُن کے ساتھ مل کر منشیات کا استعمال کرتی تھیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی حراست میں موجود اداکارہ ریا چکرورتی نے حکام کے روبرو اعتراف کیا کہ وہ سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ منشیات استعمال کرتی تھیں۔
ریا چکرورتی نے بتایا کہ ناصرف وہ بلکہ اداکارہ سارہ علی خان، راکول پریت سنگھ اور سمن کھمباٹا بھی سشانت کے ساتھ مل کر منشیات استعمال کرتے رہے ہیں۔
ریا چکرورتی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ 2016 میں فلم کیدار ناتھ کی شوٹنگ کے دوران سشانت سنگھ راجپوت کو منشیات کی لت لگی تھی۔
خیال رہے کہ اس فلم میں سارہ علی خان سشانت کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئی تھیں۔
ریا چکرورتی نے تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف کیا کہ بالی ووڈ کے 80 فیصد ستارے منشیات کا استعمال کرتے ہیں۔
ریا نے تحقیقات کے دوران 20 اداکاروں اور اداکاراؤں کے نام لیے ہیں، جنہیں این بی سی سمن جاری کرسکتی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھارتی شہر ممبئی کی مقامی عدالت نے انسداد منشیات فورس نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی)کی جانب سے 8 ستمبر کو گرفتار کی گئی اداکارہ ریا چکرورتی کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی تھی۔
ناروکوٹکس بیورو نے ریا چکرورتی کو 8 ستمبر کو رواں برس جون میں خودکشی کرنے والے اداکار سشانت سنگھ کیلئے منشیات کا بندوبست کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
ریا چکرورتی کو مسلسل تین دن تک تفتیش کے بعد اس وقت گرفتار کیا گیا جب انہوں نے نارکوٹکس حکام کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ وہ دوست سشانت سنگھ کے لیے منشیات کا بندوبست کرتی رہی تھیں۔
ریا چکرورتی سے قبل ہی نارکوٹکس بیورو نے ان کے بھائی شووک چکرورتی اور سشانت سنگھ راجپوت کے منیجر سیموئل مرنڈا اور باورچی دیپیش ساونت کو بھی گرفتار کیا تھا ، اداکارہ سمیت اب تک مجموعی طور پر 10 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
نارکوٹکس بیورو نے گزشتہ روز ہی عدالت سے ریا چکرورتی کا 14 دن کا عدالتی ریمانڈ حاصل کرلیا تھا تاہم اب انہیں جیل بھیج دیا گیا، عدالت نے اداکارہ کا 22 ستمبر تک ریمانڈ دیا تھا۔
ریا چکرورتی کوگرفتار کیے جانے کے بعد ایک رات ناروکوٹکس کے دفتر میں ہی رکھا گیا تھا، تاہم بعد ازاں 9 ستمبر کی صبح کو ہی انہیں ممبئی کی بدنام زمانہ بائکلا جیل منتقل کردیا گیا تھا۔
ریا چکرورتی کو جیل میں کافی مشکلات کا سامنا ہے، انہیں جیل میں پنکھے اور بستر کی سہولت نہیں دی گئی ہے۔
ریا چکرورتی کو جیل میں سیکورٹی خدشات کے باعث ایک الگ کمرے میں رکھا گیا ہے جہاں ان کی سیکورٹی پر ہر وقت دن کی تین شفٹوں میں 2 کانسٹیبل تعینات رہتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کو جیل میں سونے کے لئے چٹائی دی گئی ہے جبکہ انہیں بستر یا تکیہ کی سہولت نہیں دی گئی۔