• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوٹلی ستیاں کو مری جیسا سیاحتی مقام بنانے کیلئے اقدامات جاری، کمشنر

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) مری و کوٹلی ستیاں کو سیاحتی لحاظ سے بہترین بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ لوگوں کی آسان رسائی کیلئے اربوں روپے کے انفرا سٹرکچر اور سڑکوں کی تعمیرو مرمت کے کام جاری ہیں۔ ان منصوبوں میں تحصیل کوٹلی ستیاں میں بوستان آباد سے پنج پیر براستہ بگھو لہری 6کلومیٹر سڑک کی تعمیر، میلاد چوک سے گلہرہ گلی براستہ بن 21کلومیٹر سڑک کی مرمت‘ تحصیل مری میں لوئر ٹوپہ سے پتریاٹہ بائی پاس میں پونے 6کلومیٹر سڑک کی تعمیر، ساوڑ سے پنج پیر ریسٹ ہائوس براستہ سی گلی میں8کلومیٹر سڑک کی تعمیر اور چوک پنڈوری‘ مٹور‘ بیور‘ پنجاڑ سڑک کی چوڑائی کا منصو بہ شامل ہے۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2020-21ء کے تحت ان علاقوں کیلئے ہائی ویز، پبلک ہیلتھ، بلڈنگ سرکل ون، بلڈنگ سرکل ٹو اور روڈ کنسٹرکشن کی کل45 سکیموں کیلئے اس سال 951اعشاریہ 125ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے ممبر قومی اسمبلی صداقت عباسی کے ہمراہ حلقہ این اے 57میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ ایم این اے صداقت عباسی نے کہا کہ اربوں روپے سے صحت و تعلیم سمیت انفرا سٹرکچر کے درجنوں منصوبے تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔ ہمارا مشن عوام کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کا معیار زندگی بھی بلند کرناہے۔
تازہ ترین