گزشتہ دنوں کراچی کے علاقوں شفیق موڑ اور ناگن چورنگی پر قتل کی وارداتوں میں ملوث نیٹ ورک سکھر جیل سے چلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، دونوں واقعات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
ذرائع نےکراچی میں قتل کی وارداتوں میں ملوث نیٹ ورک کو سکھر جیل سے چلائے جانے اور اس میں کالعدم لشکر جھنگوی گروپ ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
کالعدم لشکر جھنگوی سندھ کا صدر حافظ قاسم رشید عرف گنجا سکھر جیل میں قید ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ حافظ قاسم رشید سکھرجیل سے دہشت گردوں کا نیٹ ورک چلاتا ہے جس کے کئی کارندے رہا ہوچکے ہیں۔
رہا ہونے والے دہشت گردوں کی جانب سے شہر میں دوبارہ کارروائیوں کابھی خدشہ ہے۔ سیکورٹی اداروں کی جانب سے ان دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔