• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صابرحسین اعوان اور بھائی شاہ حسین کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست خارج

پشاور(نیوز رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طیب جان نے پلاٹ کے تنازعے پر دوافراد کو قتل اور ایک کو زخمی کرنے کے مقدمے میں نامزد سابق رکن قومی اسمبلی اورجماعت اسلامی کے رہنما صابر حسین اعوان اور اسکے بھائی شاہ حسین کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست خارج کردی جس پر شاہ حسین کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا ۔ فاضل عدالت نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزاروںکے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انکے موکلوں پر الزام ہے کہ انہوںنے پولیس سٹیشن چمکنی کی حدود میں پلاٹ کے تنازعے پر فائرنگ کرکے دوافرادفرحان پراچہ اورپرویز پراچہ کو قتل جبکہ ارشد پراچہ کو زخمی کیا ہے جس پر پولیس نے 30جون 2020کو مقدمہ درج کیا۔انہوںنے بتایا کہ انکے موکلوں پر لگائے گئے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ہے اورمدعی مقدمہ خود ادھر جھگڑے کیلئے آیا تھا۔ وہ باعزت شہری ہیں اورانکے مفرورہونے کا کوئی چانس نہیں لہذاانکی درخواست منظور کی جائے ۔ دوسری جانب مدعی مقدمہ کے وکلاءالطاف خان اور علی زمان نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان براہ راست اس کیس میں نامزد ہوئے جس میں دوافراد قتل اور ایک زخمی ہواہے اور کسی بھی صورت اس میں جھوٹ کا کوئی جواز نہیں۔عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست مستردکردی جس پر شاہ حسین کو گرفتار کرلیاگیا جبکہ جماعت اسلامی کے رہنما صابرحسین اعوان کی عدم موجودگی پر انکی بی بی اے ری کال کردی گئی۔
تازہ ترین