• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنجے دت کی ایک عرصے بعد اہلخانہ سے ملاقات

موذی مرض پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا بھارتی فلم انڈسٹری کے مقبول ترین اداکار سنجے دت نے ایک طویل عرصے بعد اپنے اہلخانہ سے ملاقات کی جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سنجے دت کی اہلیہ مانیتا دت نے اپنی ایک خوبصورت تصویر پوسٹ کی جس میں اُن کے ہمراہ اُن کے شوہر سنجے دت، اُن کی بیٹا شاہران دت اور چھوٹی بیٹی اقرا دت بھی موجود ہیں۔


تصویر شیئر کرتے ہوئے مانیتا دت نے اپنے اہلخانہ سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے لیے ایک جذباتی پیغام بھی لکھا۔

مانیتا دت نے سنجے دت سے ایک طویل عرصے بعد ملاقات کرنے پر خُد ا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج میں اپنے اہلخانہ کے لیے خدا کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’آج کے دن مجھے کسی سے کوئی شکایت نہیں ہے بس ہم سب ہمیشہ ساتھ رہیں اور سلامت رہیں۔‘

اس سے قبل مانیتا دت نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں سنجے دت کے ساتھ ایک سیلفی شیئر کی تھی جس میں وہ سنجے دت کے ہمراہ پرواز میں موجود تھیں۔

مانیتا دت کی جانب سے انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کی جانے والی تصویر میں سنجے دت ’وکٹری فنگرز‘ سے جیت کا اشارہ دیتے نظر آرہے تھے جبکہ سیلفی شیئر کرتے ہوئے مانیتا دت نے لکھا تھا کہ ’زندگی کو بڑھاؤ۔‘

یہ بھی پڑھیے: سنجے دت کی اہلیہ کا شوہر کو حوصلہ

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سنجے دت کو تیسرے یا چوتھے درجے کے کینسر میں مبتلا ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں تھیں، بھارتی میڈیا کے مطابق پہلے سنجے دت نے علاج کے لیے امریکا جانے کا فیصلہ کیا تھا اور طبی بنیادوں پر 5 سال کے لیے امریکا کا ویزا حاصل کرلیا بعدازاں انہوں نے اپنا علاج ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال میں شروع کروالیا۔

تازہ ترین