• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگنا رناوت نے نیا پنڈورا بکس کھول دیا

بالی ووڈ کی اسٹار اداکارہ کنگنا رناوت نے ایک اور پنڈورا بکس کھول دیا اور کہا کہ ہندی فلم انڈسٹری کے بجائے تلگو فلم انڈسٹری پہلے نمبر پر آگئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے تازہ پیغامات میں کنگنا رناوت نے ایک ساتھ کئی دھماکے کردیے، خود کی روزی روٹی جس صنعت سے کماتی ہیں، اسے ہی ملک کی بہتر انڈسٹری ماننے سے انکار کردیا۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کا خیال ہے کہ ’ہندی فلم انڈسٹری‘ ملک میں ٹاپ پر ہے، یہ غلط ہے، میرا دعویٰ کہ’ تلگو فلم انڈسٹری‘پہلے نمبر پر آگئی ہے۔

کنگنا رناوت نے بھارتی ریاست اترپردیش (یوپی) کے سخت گیر وزیراعلیٰ یوگی آدیتا ناتھ کے نوئیڈا میں فلمی شہر بنانے کے اعلان کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں فلم انڈسٹری میں بہت سی اصلاحات لانا ہوں گی، ہم بہت سے عوامل کی بنیاد پر تقسیم ہیں، سب سے پہلے ہمیں ایک فلمی صنعت کی ضرورت ہے، جسے ہندوستانی کہہ سکیں، ہالی ووڈ کو ایک صنعت ہونے کا فائدہ ہوا جس کے فلمی شہر بہت سے ہیں۔

بالی ووڈ اسٹار اداکارہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو بہت سی صنعتوں، جن کی انفرادی شناخت ہے، کو یکجا کرنا چاہیے تاکہ وہ ایک چھت کے نیچے آجائیں اور ان کی اجتماعی شناخت بن جائے۔

کنگنا رناوت نے مزید کہا کہ فلم انڈسٹری کو مختلف دہشت گردوں سے جیسے خاندانی اجارہ داری، منشیات مافیا، ٹیلنٹ اور مزدور کا استحصال، جنسیاتی، مذہبی، علاقائی اور غیر ملکی فلموں کے قذاقوں سے بچانے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی فلموں کی بہترین ڈب کو ملکی سطح پر ریلیز کی اجازت ملنی چاہیے لیکن اس کے مقابلے میں ہالی ووڈکی ڈب فلم کو ملک بھر میں پیش کرنے کی اجازت مل جاتی ہے جو خطرناک ہے۔

تازہ ترین