کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں گیس سلنڈر کے دھماکے سے ایک بس بری طرح تباہ ہوگئی، دھماکے کے نتیجے میں ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا جس کی ٹانگیں تن سے جدا ہو گئیں۔
پولیس کے مطابق حادثاتی طور پر یہ واقعہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں سنگر چورنگی کے قریب ایک پیٹرول پمپ پر پیش آیا۔
بتایا جاتا ہے کہ پٹرول پمپ پر بس میں نصب سلنڈر میں گیس بھری جا رہی تھی کہ سلنڈر ایک دھماکے سے پھٹ گیا۔
33 سالہ رمیض اس واقعے میں شدید زخمی ہوا ہے جس کی دونوں ٹانگیں جسم سے جدا ہو گئیں۔
زخمی کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویش ناک ہے۔
پولیس کے مطابق اس واقعے میں بس کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، بس کا ڈرائیور فرار ہو گیا۔
کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس بس میں سلنڈر پھٹنے کے واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں 48 گھنٹوں کی بندش کے بعد آج صبح سی این جی اسٹیشن کھلے ہیں۔