کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں میٹرک بورڈ آفس کے قریب پرسرار دھماکے کے نتیجہ میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔
ڈی ایس پی نارتھ ناظم آباد کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا ایک دکان میں رکھے سلنڈر میں ہوا، دھماکے سے ایک پان شاپ اور اس کے ارد گرد کی دکانیں متاثر ہوئی ہیں، دھماکے سے متاثرہ دکانوں کا سامان سڑک پر بکھر گیا۔
پولیس نے دھماکے کو سلنڈر نہیں بلکہ گیس لیکیج کا دھماکا قرار دے دیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کہا ہے کہ صبح اعلیٰ افسران آئینگے اور پھر وہ تفصیلات سے آگاہ کرینگے۔
عینی شاہدکے مطابق متاثرہ دکانوں میں گیس سلینڈر صرف برگر کی دکان میں موجود تھا جس کے مالک نے بتایا کہ دکان میں موجود دونوں سلینڈر صحیح سلامت ہیں اوران میں گیس بھی موجود ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے باعث دکان میں آگ لگ گئی جبکہ فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی نے آگ پر قابو پالیا۔
پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے شروع کردیے ہیں۔