• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنجنا گلرانی کے دو سال قبل اسلام قبول کرنے کی تصدیق

بنگلور (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی کنڑا فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ سنجنا گلرانی کے اسلام قبول کرنے کی تصدیق ہوگئی، انہوں نے 2 سال قبل اسلام قبول کیا تھا۔بھارتی ٹی وی چینل کے مطابق سنجنا گلرانی کو کچھ روز پہلے ہی منشیات کے مقدمے میں گرفتارکیا گیا ہے جس کے بعد ان کے اسلام قبول کرنے کے حوالے سے خبریں سامنے آنے لگیں۔ سنجنا گلرانی کا اصل نام ارچنا منوہر گلرانی ہے اور انہوں نے 2018 میں اسلام قبول کیا تھا جس کی تصدیق بنگلورکی دینی درسگاہ دارالعلوم شاہ ولی اللہ نے کی ہے۔دارالعلوم شاہ ولی اللہ کے مہتمم مولانا زین العابدین کے مطابق سنجنا گلرانی نے 9 اکتوبر 2018کو اسلام قبول کیا تھا ۔ انہیں محکمہ شرعیہ کرناٹک نے اسلام قبول کرنے کا تصدیقی سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا تھا جس کے مطابق انہوں نے اپنا نام تبدیل کرکے ماہرہ رکھا تھا۔انہیں اسلام قبول کرنے کا سرٹیفکیٹ عدالتی حکم پر جاری کیا تھا۔ انہوں نے عدالت میں جمع کرائے گئے اپنے ایفی ڈیوٹ میں کہا تھا کہ وہ گزشتہ 10 برس سے اسلام کے بارے میں سنتی آئی ہیں جس کی وجہ سے ان کے اندر تجسس پیدا ہوا اورانہوں نے اسلام کو سمجھنے کی کوشش کی۔ اس کیلئے انہوں نے اسلام کا نہ صرف مطالعہ کیا بلکہ مسلمانوں سے بات چیت کی جس کے بعد وہ اسلام کے اصولوں سے بہت متاثر ہوئیں۔
تازہ ترین