• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کی خاطر ایم کیو ایم سے بات اور ساتھ بیٹھنے کو تیار ہوں،مصطفیٰ کمال

کراچی(اسٹاف رپورٹر/این این آئی) سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 12 سال میں پیپلز پارٹی نے کراچی کو لاڑکانہ، حیدرآباد کو موہنجو دڑو بنا دیا۔ عوام کی خاطر ایم کیو ایم سے بات کرنے اور ساتھ بیٹھنے کو تیار ہوں۔ نیوکراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین و سابق میئر کراچی مصطفی کمال نے سابقہ حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف، بلاول اور آصف زرداری کا خطاب غور سے سنا، یہ سب لوگ اپنی حکمرانی کی بات کرتے ہیں۔ یہ کہتے ہیں کہ دوسروں کی حکومت کیوں ہے، بلاول بھٹو آپ کی تو سندھ میں کئی سال سے حکومت ہے، آپ نے کراچی کشمور تک کیا عوام کو؟۔12 سال میں پیپلز پارٹی نے کراچی کو لاڑکانہ، حیدرآباد کو موہنجوڈرو بنا دیا ہے،یہ کہتے ہیں ووٹ کو عزت دو، آپ پہلے ووٹرز کو تو عزت دیں، سندھ میں آپ حکمران ہو،18 ویں ترمیم کے بعد آپ مزید بااختیار ہو۔ چیئرمین پی ایس پی نے کہاکہ یہ لوگ مقامی سطح پر یونین کونسل کو اختیار نہیں دیتے، موجودہ اور پہلے کے حکمران، دونوں ہی اچھے نہیں۔آل پارٹیز کانفرنس میں شریک تمام لوگوں کو پاکستان کے عوام کی نہیں بلکہ صرف اپنے اقتدار کی فکر ہے، انکی حکومت ہو تو سب ٹھیک ورنہ سب خراب ہے۔ اے پی سی میں بیٹھے لوگوں کی 30 سال حکومت رہی ہے، ووٹ کی بجائے ووٹر کو عزت دی ہوتی تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتے۔مصطفی کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم والے اپنے مفادکے لئے صوبے کی بات کرتے ہیں، ایم کیو ایم صوبے کے نعرے کے پیچھے چھپ رہی ہے۔ چیئرمین پاک سرزمین پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سندھ کارڈ، ایم کیو ایم نے مہاجر کارڈ کھیلا، ان دونوں پارٹیوں سے اب جان چھڑانی ہے۔اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائم خانی دیگر مرکزی زمہ داران بھی موجود تھے۔
تازہ ترین