• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے پی سی اپوزیشن کا سیاسی جمہوری حق ہے ، لیاقت بلوچ

لاہور ( نمائندہ خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی ، سیاسی انتخابی قومی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرنا سیاسی ، جمہوری ، پارلیمانی اور آئینی حق ہے ۔ کانفرنس میں کون شریک ہوتاہے ، کون خطاب کرتاہے اتنا اہم نہیں جتنا یہ اہم ہے کہ اپوزیشن جماعتیں کس ایجنڈا اور کس لائحہ عمل پر متحد ہوتی ہیں ۔ صرف اے پی سی منعقد کر لینے سے نہیں ، مزاحمت اور میدان عمل میں کردار ہی اپوزیشن کے مقام کو واضح کرے گا ۔ گزشتہ عرصہ میں اپوزیشن جماعتوں نے اپنے عمل سے قوم میں پوری شدت سے دو آراءپیدا کی ہیں ۔ عمران خان حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے ۔ حکومت اپنی اصلاح اور حالات کے سدھارکے لیے تیار نہیں ، صلاحیت نہیں رکھتی حکومت حالات کو خود قبل از وقت انتخابات کی طرف لے جارہی ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی اپوزیشن کا حقیقی کردار اد ا کر رہی ہے ۔ مہنگائی ، بے روزگاری ، لاقانونیت ، عوامی حقوق کے تحفظ ، مظلوم کشمیریوں کی پشتی بانی اور کورونا متاثرین ، سیلاب متاثرین کی امداد کا معاملہ ہو جماعت اسلامی ہر محاذ پر فعال قومی کردار کر رہی ہے ۔ماضی میں اتحادوں کی سیاست اور اپوزیشن کے اتحاد نے جمہوریت اور سیاست کو بڑا نقصان پہنچایا ۔ جماعت اسلامی صاف ستھرے کردار اور واضح دوٹوک قومی سیاسی بیانیہ کے ساتھ اپوزیشن کے محاذ پر کردار کرتی رہے گی ۔ حریت کشمیر کے عظیم کشمیریوں کی پشتی بانی ایمانی اور قومی فرض ہے ۔ جماعت اسلامی ملک میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابی نظام کے لیے جدوجہد کرے گی ۔
تازہ ترین