کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ اوپنر شرجیل خان پاکستان سپر لیگ کے بعد قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے شرجیل خان کا کہنا ہے کہ آئندہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہدف ضرور ہے لیکن ابھی ٹارگٹ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ ہے۔ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں اچھی کارکردگی دے کر پاکستان ٹیم میں کم بیک کرنا چاہتا ہوں۔ پیر کو ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں موقع ملا تو پہلے کی طرح جارحانہ کرکٹ کھیلوں گا۔ تین سال کرکٹ سے دور رہا ہوں جو میرے لیے بہت مشکل وقت تھا، تاہم پابندی کے دوران بھی اپنے آپ کو متحرک رکھتا تھا۔ گذشتہ کئی ماہ سے اپنی فٹس پر بہت کا م کیا ہے اور اپنی فٹنس کوبہتر کرکے انٹر نیشنل معیار پر لانے کی کوشش کی ہے۔