• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی صحت پر غلط رپورٹ نہیں دی، ریکارڈ موجود ہے، ڈاکٹرز

’نواز شریف کی صحت پر غلط رپورٹ نہیں دی‘


لاہور ( نمائندہ جنگ)سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت بارے غلط رپورٹ نہیں دی ۔سابق وزیراعظم کے تمام سیمپلز کا ریکارڈ موجود ہے۔ 

آزاد میڈیکل کمیشن بنا کر ڈی این اے سے چیک کیا جا سکتا ہے۔سروسز ہسپتال میں کرپشن مافیا کے خلاف کیسز اینٹی کرپشن کو ارسال کر دیئے گئے ہیں۔

 کرپٹ مافیا خود کو بچانے کیلئے بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہا ہےان خیالات کا اظہار سروسز میڈیکل انسٹی ٹیوٹ آف سائینسز لاہور کے وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر وارث فاروقہ اور ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر افتخار احمد ، ڈاکٹر وسیم حیات نے دیگر فیکلٹی ممبران کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ 

انہوں نے کہا کہ ہم پر نواز شریف کی رپورٹ کلیئر کرنے کا الزام لگایا جا رہا ہےجو غلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو کوئی شک ہے تو وہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے علاج کے حوالے سے کمیشن قائم کرکے جب چاہے وہ ان رپورٹس کی ڈی این اے سے بھی تصدیق کروا لے نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس 3سے4لیب کی ٹیسٹوں کےبعدبنائی گئی ،ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ جب نوازشریف ہمارے پاس آئے تو واقعی بیمارتھے۔ جب انہیں ڈسچارج کیا گیا تو ان کی حالت بہتر تھی۔ 

کسی مریض کو داخل یا ڈسچارج کرنے کا اختیار ایڈمنسٹریٹو اتھارٹی کے پاس نہیں ہوتا۔سروسز ہسپتال میں کرپشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر وارث فاروقہ اور ایم ایس ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ سروسز ہسپتال میں کرپشن مافیا کے خلاف کیسز اینٹی کرپشن کو ارسال کر دیئے گئے ۔ کرپٹ مافیا خود کو بچانے کیلئے بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہا ہے ۔ 

انہوں نے بتایا کہ سروسز ہسپتال کے سابق ایم ایس سمیت ایک صحافی، اس کے ساتھی سمیت ہسپتال کے چند ڈاکٹرز ۔ 

گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والا ایک ڈاکٹر کرپٹ مافیا کا حصہ ہیں اور ان کی کرپشن کے کیسز اینٹی کرپشن کو بھجوائے جاچکے ہیں ۔ 

ایم ایس اور فیکلٹی ممبران نے کہا کہ کرپٹ مافیا ہسپتال کے شفاف نظام کے حوالے سے بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہا ہے جس میں کوئی صداقت نہیں اور موجودہ ایڈمنسٹریشن کے دور میں ہسپتال میں تمام امور انتہائی شفاف انداز میں سر انجام دیئے جارہے ہیں ۔

تازہ ترین