• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

استعفوں کے معاملے پر آج رہبر کمیٹی کا اجلاس ہوگا، فضل الرحمٰن


مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا۔ اے پی سی میں شامل تمام جماعتوں کے نمائندے شریک ہوں گے۔ اعلان کردہ فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ قوم کو اپوزیشن کی اے پی سی اور پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ سے امیدیں وابستہ ہیں، اپوزیشن جماعتوں میں پہلی بار اسمبلیوں سے استعفوں پر اتفاق ہوگیا ہے، طریقہ کار اور وقت کا تعین ہونا باقی ہے۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا مزید کہنا تھا کہ ملک معاشی اور سیاسی بحران کا شکار ہے، خارجہ پالیسی ناکام ہوگئی ہے، کشمیری قوم کی امیدیں پاکستان سے وابستہ تھیں۔ انہیں آج مایوسی کی طرف دھکیلا جارہاہے۔ ہمارا عزم ہے اس وطن عزیز کو سیاسی و اقتصادی بحران سے نکالیں۔

نیب کی کارروائیوں پر ان کا کہنا تھا کہ نیب ایک ظالم ادارہ ہے اس کے علاوہ کچھ نہیں۔ لوگوں کی تذلیل کرنے کے لئے کیس اور ادارے بنائے جاتے ہیں، ہر ادارے کو اپنے دائرہ اختیار میں کام کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ نیب نے مالی بدعنوانی اور آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں سیکشن 19 کے تحت مولانا فضل الرحمٰن کو طلب کرلیا ہے۔

تازہ ترین