ملتان (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ نے سموگ کی روک تھام کے لئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے جب کہ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے ضلعی اور تحصیل کی سطح پر انسداد سموگ کمیٹیاں تشکیل دے دیں ہیں۔ اس سلسلہ میں گزشتہ روز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان نے کمیٹیوں کے ممبران سے خطاب کیا جس میں26 سے زائد محکموں کے افسران موجود تھے۔محمد طیب خان نے دھواں چھوڑنے والی صنعتوں اور گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ کھیتوں میں فصلوں اور پارکوں میں گھاس اور درختوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔محکمہ ریونیو،جنگلات،زراعت اور پی ایچ اے پابندی پر عملدرآمد کرائیں گے،حکومت کی ہدایت ملنے پر سموگ کا باعث بننے والے پرانی طرز کے بھٹوں کو بند کرادیا جائے گا،صرف زِگ زیگ ٹیکنالوجی پر چلنے والے بھٹوں کو کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کوڑا جلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لے،سڑکوں پر اڑنے والی دھول مٹی کے خاتمہ کے لئے پانی کے چھڑکائو یقینی بنایا جائے۔سموگ کے نقصانات بارے عوام کو آگاہی دینے کے لئے واک کا اہتمام کیا جائے۔