آپ آف لائن ہیں
منگل9؍ربیع الاوّل 1442ھ 27؍اکتوبر 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

برطانیہ کو بریگزٹ کا بڑا نقصان، سیکڑوں ارب ڈالر کے اثاثے جرمنی منتقل

لندن (جنگ نیوز )امریکا کا ایک بہت بڑا بینک برطانیہ میں اپنے سیکڑوں ارب ڈالر کے اثاثے اب جرمنی منتقل کر رہا ہے۔ جے پی مورگن چیز اینڈ کمپنی کے اس اقدام کو بریگزٹ کے باعث برطانیہ کو ہونے والا ’پہلا بہت بڑانقصان‘ قرار دیا جا رہا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق جے پی مورگن چیز اینڈ کمپنی ایک ایسا امریکی بینک ہے۔

جو ماضی میں جے پی مورگن اور چیز مین ہیٹن بینک کے ادغام سے وجود میں آیا تھا۔برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج یا بریگزٹ کے بعد اب اس بینک نے برطانوی دارالحکومت لندن سے اپنے اثاثے جرمنی کے مالیاتی مرکز فرینکفرٹ منتقل کرنا شروع کر دیے ہیں۔

نقد اثاثوں کی اس منتقلی کا مقصد یہ ہے کہ یہ امریکی بینک خود کو یورپی یونین سے باہر رہتے ہوئے یورپ میں کاروبار کرنے کے عملی نقصانات سے بچا سکے اور ساتھ ہی یورپ اور یورپی یونین کی سب سے بڑی معیشت میں رہتے ہوئے کاروبار کرنے کے فائدے بھی اٹھا سکے۔

بلومبرگ ٹی وی کے مطابق جے پی مورگن چیز اینڈ کمپنی لندن سے اپنے تقریبا 200 ارب یورو یا 230 ارب ڈالر کے اثاثے اب فرینکفرٹ میں اپنے ایک ذیلی ادارے کو منتقل کر رہی ہے اور یہ ʼعظیم الجثہ‘ عمل اس سال کے اواخر تک مکمل ہو جائے گا۔

سینکڑوں ارب ڈالر کی اس منتقلی سے واقف ذرائع نے بلومبرگ ٹی وی کو بتایا کہ ان اثاثوں کی منتقلی مکمل ہونے پر جے پی مورگن چیز جرمنی کے بہت بڑے بڑے بینکوں میں سے ایک بن جائے گا۔

اہم خبریں سے مزید