ملتان( سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان نے کہا ہے کہ ریجن بھر میں پولیو ٹیموں کی حفاظت کو یقینی بنایا جارہا ہے، قومی فریضہ میں پولیس بھی دیگر محکموں کے شانہ بشانہ کام کررہی ہے، جرائم سے پاک معاشرہ کی طرح پولیو سے پاک معاشرہ بھی ہمارا مشن ہے، ریجنل پولیس آفیسر نے ریجن بھر کے ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں کی ہر ممکن مدد کی جائے اور بچوں کو پولیو قطرے پلانے سے انکاری والدین کو ان کے بچوں کی صحت کی خاطر پولیو ویکسین پلانے پر امادہ کیا جائے، جہاں ضرورت ہو قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے، انہوں نے مزید کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے ٹرانزٹ پوائنٹس کے علاوہ بس ویگن اسٹینڈز پر پولیس پولیو ٹیموں کے ساتھ فرائض انجام دے رہی ہے، والدین اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے انہیں پولیو ویکسین کے قطرے پلانے میں قطعی کوتاہی نہ برتیں کیونکہ پولیو قطرے پینے سے محروم رہ جانے والا ایکبھی بچہ اس قومی مہم کے لیے نقصان اور اس مرض کو پھیلانے کا باعثِ ہو سکتا ہے۔