کراچی (ٹی وی رپورٹ)مارننگ شو’’ جیوپاکستان‘‘ میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر اٹھانے پر ترک صدر طیب اردوان کے شکرگزار ہیں ،مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ جنسی جرائم میں نئی قانون سازی کا مقصد صرف سزائوں کو بڑھانا نہیں ہے بلکہ انویسٹی گیشن اور پراسیکیوشن کے عمل کو بہتر ،فعال اور مستند بنانا بھی ہے،ترجمان کے الیکٹرک ہم عوام سے معذرت خواہ ہیں ہم نہیں چاہتے کہ اس طرح کے حالات ہوں اورہم بھی اس سے تکلیف میں ہیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر اٹھانے پر ہم ترک صدر طیب اردوان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بہت بگڑ چکی ہے اور دن بدن مزید بگڑتی جا رہی ہے چنانچہ اقوام عالم کو اس مسئلے کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔