• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک لاکھ ہنر مندوں کی کویت میں ملازمتوں کیلئے درخواستیں ارسال

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) کورونا کے باعث بیروزگار اووسیز پاکستانیوں کی وطن واپسی کے مسئلے کے حل کیلئے وزارت اوورسیز پاکستانیز نے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں۔ اس مقصد کیلئے وزارت اوورسیز پاکستانیز نے حکومت کویت سے رابطہ کیا ہے جس میں ایک لاکھ ہنر مند کارکنوں کی کویت میں ملازمتوں کیلئے باقاعدہ درخواست ارسال کر دی گئی ہے۔ وزارت اوورسیز پاکستانیز کے مطابق حکومت نے پاکستان اور کویت کے مابین ملک میں پاکستانی افرادی قوت کی برآمد کو بڑھانے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر جلد دستخط کرنے کے لئے بھی کوششیں تیز کردی ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے ابوظہبی ڈائیلاگ کے 5 ویں وزارتی اجلاس کے موقع پر کویت کے وزیر محنت سے ملاقات کی تھی جس میں پاکستانی کارکنوں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ وزارت اوورسیز پاکستانیز کے مطابق حکومت نے حال ہی میں کویت کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس کا مقصد صحت کی دیکھ بھال کے پیشہ وروں کو خلیجی ملک بھیجنا ہے۔ پاکستان تقریباً ایک لاکھ ہنرمند کارکن کویت بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس سلسلے میں باضابطہ درخواست کویت میں متعلقہ حکام کو ارسال کردی گئی ہے اور اس کا جواب آنا ابھی باقی ہے۔
تازہ ترین