• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلیکٹڈ ازم کا ناسور جنرل الیکشن سے لیکر انٹراپارٹی الیکشن تک موجود ہے،مولانا شیرانی

کوئٹہ (آئی این پی) جمعیت علمائےاسلام پاکستان کے مرکزی رہنماءسابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان مولانامحمد خان شیرانی نے کہاہے کہ نظام مملکت میں آمریت کی مخالفت اور جماعتوں کے اندر آمریت کو تقویت دینا دوغلاپن ہے۔ سیاست سے سنجیدگی کا عنصر ختم کرکے جذباتیت کو فروغ دینا جماعتوں کو ملکیت اور کارکن کو مال قرار دینے کی سازش ہے۔ سیاست کا مقصد خدمت انسانیت ہوناچاہیے استحکام معیشت نہیں۔ ہماری نظر میں کسی نظریاتی جماعت کے نظریاتی کارکن ہی اسی جماعت کااصل سرمایہ ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ میں اپنی رہائش گاہ پر مختلف اضلاع سے آئے ہوئے جماعتی زمہ داران پر مشتمل وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ عوامی رائے یا ووٹ کے تقدس کا مقدمہ لڑنے والے سب سے پہلے اپنے کارکنوں کی رائے کااحترام کریں۔ سلیکٹڈ ازم کا ناسور جنرل الیکشن سے لیکر انٹراپارٹی الیکشن تک موجود ہے۔ سلیکشن کہیں روااور کہیں نارواکے حق میں نہیں انہوں نے کہاکہ جمعیت علمائےاسلام میں گروپ بندی نہیں وحدت کے قائل ہیں اہداف و مقاصد کے حصول کیلئے جماعت سے علیحدہ تمام گروپوں کو جمعیت علمائےاسلام پاکستان کے پلیٹ فارم سے جدوجہد کرنی چاہیے جماعت میں گروپ بنانے والے ہمیں گروپ بندی کاالزام نہ دیں ہم نے انتشار نہیں وحدت کی سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے وحدت امت کی خاطر اپنوں کے فتوے اور دشمن کے حملے برداشت کیے ۔ کارکن جذبات کی بجائے سنجیدگی اور صبر و استقامت کے ساتھ جماعتی وژن کی تکمیل کیلئے جدوجہد کریں۔ 
تازہ ترین