• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ پوری دنیا میں کورونا ویکسین کی منصفانہ تقسیم کیلئے 500 ملین پونڈ دے گا

لندن (پی اے) برطانیہ نے دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی منصفانہ بنیادوں پر تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے 500ملین پونڈ دینے کا اعلان کیا ہے، وزیر اعظم بورس جانسن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران اس کااعلان کریں گے، وہ اپنے خطاب میں عالمی رہنمائوں سے اپنے اختلافات ختم کرکے دنیا کو مستقبل میں وبائوں سے بچانے کیلئےمنصوبہ تیار کرنے پر زور دیں گے،وہ اس موقع پر عالی ادارہ صحت کو اضافی فنڈ فراہم کرنے کا بھی اعلان کریں گے۔بورس جانسن جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کرتے ہوئےاپنے غیر ملکی ہم منصبوں سے کہیں گے کہ کووڈ19 کے بحران کی وجہ سے پوری بین الاقوامی برادری پریشان ہے ،وہ عالمی رہنمائوں سے کہیں گے کہ اپنی سرحدوں سے اپنے خول سے باہر نکلیں اور اپنے اختلافات ختم کریں ،اس موقع پر وہ بل اورمیلنڈ ا گیٹس فائونڈیشن اور ویلکم ٹرسٹ کے تعاون اوراشتراک سے مستقبل میں وبائوپر قابو پانے کیلئے تیار کئے گئے ایک منصوبے کا بھی اعلان کریں گے۔ان تجاویز میں "zoonotic hubs"کاایک عالمی نیٹ ورک کا قیام شامل ہے جو خطرناک بیماریوں کے جراثیم کے جانوروں سے انسانوں کو منتقل ہونے سے قبل ہی ان کی نشاندہی کرے گااور علاج اور ویکسین کی تیاری کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی تجاویز دے گا۔پہلے سے ریکارڈ شدہ تقریر میں جو ہفتہ کی رات کو سنائی جائے گی وزیر اعظم کہیں گے کہ کووڈ کے ساتھ لڑائی کے 9 ماہ بعد بین الاقوامی کمیونٹی کا وجود ٹوٹ پھوت کاشکار نظر آتاہے ہم جانتے ہیں کہ یہ سلسلہ زیادہ دنوں نہیں چل سکتا۔جب تک ہم اپنے مشترکہ دشمن کے خلاف متحد نہیں ہوجاتے ہر ایک خسارے میں رہے گا اس لئے یہ آخری موقع ہے کہ اپنے اپنے خول سے باہر نکل کر اپنے اختلافات طے کرلیں ۔وہ بتائیں گے کہ برطانیہ ایڈورڈ جینر کی جائے پیدائش ہے جس نے دنیا کی پہلی ویکسین ایجاد کی تھی،ہم آپس کے تفرقات کو ختم کرنے اور دنیا کے دکھوں کامداوا کرنے کیلئے اقوام متحدہ کے زیر اہتمام اپنے دوستوں کے ساتھ کام کرنے اور اس حوالے سے ممکنہ ہرکوشش کرنے کاتہیہ کئے ہوئے ہیں وزیر اعظم جو دوسری اقدامات تجویز کریں گے ان میں عالمی وبائوں کی پیشگی اطلاع دینے کاسسٹم وضح کرنا ،بیماری کے نمونے جمع کرنے اورنتائج تقسیم کرنے کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے اورڈیٹا کاتبادلہ کرنے کیلئے عمومی معاہدہ کرنے کی تجویز شامل ہے ،وزیر اعظم بورس جانسن کووڈ پر کنٹرول کیلئے انتہائی اہم اشیا جن میں صابن شامل ہے کی تجارت پر پابندیوں میں کمی کرنے کی بھی تجویز دیں گے ،برطانیہ کی جانب سے اعلان کردہ 500ملین پونڈ کا فنڈ ویکسین پروکیورمنٹ کے Covaxپول کو دیاجائے گا۔جس کامقصدویکسین کی دریافت کی صورت میں غریب ملکوں کی ویکسین تک رسائی یا ویکسین کے حصول کو آسان بنانا ہے۔ فی الوقت آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ ویکسین سمیت کم وبیش 40ویکسینز کے کلینکل ٹرائلز حتمی مراحل میں داخل ہوچکے ہیں جبکہ پوری دنیا کو اس مرض پر قابو پانے کیلئے کامیاب ویکسین کابے چینی سے انتظار ہے۔وزیر اعظم اپنی تقریر میں عالمی ادارہ صحت کو بھی اگلے 4 سال کے دوران 340ملین پونڈ فراہم کرنے کا بھی وعدہ کریں گے یہ رقم سابقہ رقم کے مقابلے میں 30فیصد زیادہ ہے اس طرح برطانیہ عالمی ادارہ صحت کوسب سے زیادہ عطیہ دینے والا ملک بن جائے گا۔شدید غربت اورقابل علاج امراض کی روک تھام کیلئے کام کرنے والی تنظیم One Campaignیوکے کے ڈائریکٹر رومیلی گرین ہل نے کہاہے کہ برطانوی حکومت مضبوط قیادت کا مظاہرہ کررہی ہے اس سے کووڈ۔19 سے عالمی سطح پر نمٹنے میں مدد ملے گی اورہر ایک کی ویکسین تک رسائی میں مدد ملے گی۔  

تازہ ترین