• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوری آباد : حادثے کا سبب بننے والی گاڑی کی شناخت کرلی گئی


نوری آباد موٹر وے ایم-نائن پر حادثے کا سبب بننے والی گاڑی کی شناخت کرلی گئی، افسوسناک حادثے میں جھلس کر جاں بحق ہونے والے 15 افراد کے ڈی این اے سیمپلز لے لیے گئے، ڈی این اے رپورٹس آنے کے بعد میتیں ورثہ کے حوالے کی جائیں گی۔

سپر ہائی وے نوری آباد ایم-نائن پر گزشتہ رات افسوس ناک حادثہ پیش آیا جہاں مسافر وین میں آگ لگنے سے 15 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ 10 زخمی ہوئے۔

وین کے زخمی ڈرائیور نے موٹر وے پولیس کو بتایا کہ اُس کے آگے چلنے والی گاڑی کا بونٹ اچانک اُڑتا ہوا آیا اور وین سےٹکرا گیا، اس کے بعد وین بے قابو ہوکر اُلٹی اور اُس میں آگ لگ گئی۔

حادثے کا سبب بننے والی گاڑی کی شناخت کرلی گئی ہے، پولیس نے کراچی ٹول پلازہ سے گاڑی کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے۔

حادثے میں ہلاک افراد کی شناخت کے لیے عباسی شہید اسپتال میں ڈی این اے سیمپل لے لیے گئے ہیں۔

سیمپل جامشورو پولیس کے حوالے کردیے گئے، جنہیں لواحقین کے ڈین این اے سے میچ کیا جائے گا۔

ڈی این اے رپورٹس آنے کے بعد میتیں ورثہ کے حوالے کی جائیں گی، تمام افراد کی میتیں سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے میں رکھی گئی ہیں۔

تازہ ترین