• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلی سہ ماہی، معاشی سرگرمیاں بحال، مہنگائی میں کمی ہوگی، وزارت خزانہ

اسلام آباد( تنویر ہاشمی ، مہتاب حیدر ) وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں معاشی سرگرمیاں بحال ہو نے لگی ہیں اور گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں معاشی اعدادوشمار میں بہتری نظر آرہی ہے،مہنگائی میں کمی ہوگی،مالیاتی خسارہ ہدف کے اندر، ترسیلات زر میں 1.2ارب ڈالر اضافہ،زرمبادلہ ذخائر 19.9ارب ڈالر ہوگئے۔

وزارت خزانہ کی ستمبر2020کی ماہانہ معاشی اپ ڈیٹ کے مطابق پہلی سہ ماہی میں مہنگائی کی شرح مقابلتاً کم رہے گی ، مالیاتی خسارہ بھی ہدف کے اندر رہے گا تاہم کورونا کے باعث عوامی نوعیت کے اخراجات میں اضافے کے باعث اخراجات پر دبائو بڑھنے کا امکان ہے۔

اگست میں محرم اور کراچی میں بارشوں کے باعث ریونیو میں کمی رہی تاہم نان ٹیکس ریونیو میں اضافہ متوقع ہے جس سے پہلی سہ ماہی میں پرائمری بیلنس سرپلس رہے گا، اگست میں مہنگائی کی شرح 8.2فیصد رہی جبکہ جولائی میں 9.3فیصد تھی ، جولائی ، اگست میں کرنٹ اکائونٹ 80کروڑ50لاکھ ڈالر سرپلاس رہا جو کہ جی ڈی پی کا 1.8فیصد ہے جو گزشتہ برس اس عرصے میں ایک ارب 12کروڑ40لاکھ ڈالر خسارے میں تھا۔

جولائی اگست میں برآمدات میں 16.6فیصد کمی ہوئی اور 3.4ارب ڈالر رہی جو گزشتہ برس اس عرصے میں 4.1ار ب ڈالرتھیں ، ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 19.5فیصد کمی ہوئی ، بارش اور شہری علاقوں میں سیلابی کیفیت سے برآمدات پر منفی اثرات پڑے ، سپلائی چین متاثرہوئی ، توقع ہےکہ برآمدات بحال ہو جائیں گی ، جولائی اگست میں درآمدات میں 6.7فیصد کمی ہوئی ، گزشتہ برس 7.7ارب ڈالر کے مقابلے میں درآمدات 6.7ار ب ڈالر ہوئیں۔

اسی طرح تجارتی خسارہ میں 8.1فیصد کمی ہوئی ، ٹیکسٹائل کے شعبے کی برآمدات میں گزشتہ برس کے مقابلے میں ایک فیصد کمی ہوئی ، ویلیو ایڈیڈ برآمدات میں 4.1فیصد باسمتی چاول میں 40.8فیصد کمی ہوئی ، جولائی اگست میں ترسیلات زر میں 1.2ار ب ڈالر اضافہ ہوا ،گزشتہ برس اس عرصے میں 3.7ارب ڈالر کے مقابلے میں ترسیلات زر 4.9ڈالر رہیں۔

تازہ ترین