• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمرہ اور حرمین شریفین میں نماز کی اجازت کیلئے ایپ متعارف

ہیلی فیکس(نمائندہ جنگ)سعودی عرب میں عمرہ اور زیارت کے علاوہ حرمین شریفین میں نماز کے اجازت نامے کے لیے ایپ متعارف کرادی گئی۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کےمطابق عمرہ، حرمین شریفین میں نماز اور مدینہ میں روضہ اطہرﷺ کی زیارت کے افراد ’’اعتمرنا‘‘ نامی ایپ پر رجسٹریشن کرواکے عمرہ اور زیارت کا اجازت نامہ حاصل کرسکیں گے۔ اس حوالے سے سعودی وزیر حج کا کہناہےکہ مسجد الحرام میں جانے کے لیے ’اعتمرنا‘ نامی ایپ پر بکنگ ضروری ہوگی اور اس کے بغیر کسی بھی شخص کو حرم شریف میں جانے نہیں دیا جائے گا، ہمارا مقصد عمرہ زائرین اور مسلمانوں کی صحت و سلامتی کا تحفظ ہے، اسے ہر قیمت پر یقینی بنایا جائےگا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمرے کے دوران زائرین پر سخت پابندیاں ہوں گی اور ہر شخص کو کورونا وائرس نہ ہونے کا ثبوت دینا ہوگا۔ سعودی وزیر حج و عمرہ کا مزیدکہنا تھا کہ 18 سے 65 برس تک کے افراد کو عمرہ اجازت نامے جاری ہوں گے۔ خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے سعودی حکومت نے اعلان کیا تھاکہ کورونا وائرس کے باعث 7 ماہ سے معطل عمرہ ادائیگی کا سلسلہ 4 اکتوبر سے بحال کیا جارہا ہے۔ 4 اکتوبر کو پہلے مرحلے میں سعودی عرب کے شہری اور وہاں مقیم غیر ملکیوں میں سے 6 ہزار افراد عمرہ ادا کریں گے جب کہ یکم نومبر سے محکمہ صحت کی منظوری سے مخصوص ممالک کے شہری بھی عمرہ ادا کرسکیں گے۔ یاد رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے مارچ میں عمرے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
تازہ ترین