لاہور (نمائندہ جنگ)وفاقی کابینہ کی جانب سے میاں نواز شریف کی واپسی کے لئےقانونی آپشن استعمال کرنے کے حوالے سے سپریم کورٹ کےسینئر وکلاء نے کہا ہے کہ قانونی راستہ اپناتے ہوئے نواز شریف کو برطانیہ سے واپس لانا ممکن نہیں۔
ان کی جلد واپسی کا صرف ایک آپشن ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر خود واپس آئیں اور عدالت کے سامنے پیش ہوں۔ وائس چئیرمین پاکستان بار کونسل عابد ساقی نے کہا اسلام آباد ہائیکورٹ کا نواز شریف کی حوالگی سے متعلق احکامات نہ جاری کرنے کا فیصلہ حقیقت کے قریب ہے۔
قانون میں ملزم کی غیر موجودگی میں کیس کی سماعت کرنے کی نظیر موجود ہے۔
یہ لوگ قتل کے سزا یافتہ مجرم مشرف کو تو گرفتار کرکے لانے کی بات نہیں کرتے اور انٹرپول کے ذریعے نواز شریف کو گرفتار کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔