لاہور(پ ر) شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر کی جانب سے سا لانہ بریسٹ کینسر آگاہی مہم کا آغاز آج سے کیا جائے گا۔ جس کا آغاز ایوان صدر، پارلیمنٹ ہائوس وزیر اعظم سیکرٹریٹ اور کیبنٹ ڈویژن کوگلابی روشنیوں سے سجانے سے ہو گا۔ یہ تمام عمارتیں تین دن تک گلابی رنگ کی روشنیوں سے سجی رہیں گی تا کہ پاکستان کے عوام تک اس عمل کے ذریعے بریسٹ کینسر جیسی موذی بیماری کے بارے میں آگاہی کا پیغام پہنچ سکے۔ اسی مہم کے تحت اکتوبر کی 3 تاریخ کو اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں آگاہی واک اور9تاریخ کو شوکت خانم ہسپتال کی جانب سے مینار پاکستان کو گلابی روشنیوں سے سجایا جائے گا۔ اسی سلسلے میں اکتوبر کی ستائیس تاریخ کو ہسپتال میں ایک تقریب منعقد کی جائے گی جس میں خاتون اول مس ثمینہ علوی خصوصی طور پر شرکت کریں گی ۔ اس موقع پر یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ بریسٹ کینسر دنیا بھر کی خواتین میں سب سے زیادہ پایا جانے والاکینسر ہے اورپاکستان میں تقریباًہر 9میں سے ایک خاتون اس مرض کا شکار ہو سکتی ہے۔ اسی مرض کی وجہ سے ہمارے ملک میںہر سال 40,000خواتین موت کا شکار ہو جاتی ہیں۔اہم بات یہ ہے کہ بر وقت تشخیص اور علاج سے اس تعداد میں 90فیصد تک کمی ہو سکتی ہے جو کہ صرف آگہی سے ہی ممکن ہے۔