کولمبیا میں دو سال قبل لا پتہ ہونے والی خاتون بیچ سمندر، پانی کی سطح پر بیہوشی کی حالت میں تیرتے ہوئے مچھیروں کو مل گئی۔
بھارتی اخبار ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق 46 سالہ خاتون کا نام اینجلیکا گیتن ہے، اینجلیکا شوہر کے ظلم و ستم سے تنگ آ کر 2018ء میں اپنے بچوں کو گھر میں اکیلا چھوڑ کر چلی گئی تھی ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اینجلیکا گیتن نے صحتیاب ہونے کے بعد میڈیا کو انٹرویو کے دوران بتایا کہ اُنہوں نے کئی برسوں تک اپنے شوہر کا تشدد برداشت کیا اور ایسی زندگی سے تنگ آ کر 2018ء میں گھر سے بھاگ جانے کا فیصلہ کیا تھا۔
اینجلیکا نے بتایا کہ 20 برس کی شادی شدہ زندگی اپنے شوہر کا تشدد برداشت کرتے ہوئے گزاری، شوہر کی جانب سے تشدد اور بد سلوکی کی شروعات پہلی بیٹی کی پیدائش کے بعد سے ہوئی تھی اور یہ سلسلہ دوسری بچی کے پیدائش تک چلتا رہا، وہ دوسری بچی کی پیدائش کے بعد بھاگ جاناچاہتی تھی لیکن اُس وقت بچیاں بہت چھوٹی تھیں۔
متاثرہ خاتون کا انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ اُس کا اپنے شوہر کے خلاف پولیس کے پاس جانا بھی کسی کام نہ آیا کیونکہ وہ اُن کے شوہر کو ایک دن کے لیے حوالات میں بند کرتے تھے اور پھر چھوڑ دیتے تھے، شوہر پھر گھر آ کر مزید تشدد کرتا تھا ۔
متاثرہ خاتون کے مطابق ستمبر 2018 ء میں اُس کے خاوند کی جانب سے اُس کے چہرے پر گہری چوٹ لگائی اور قتل کرنے کی کوشش کی۔
اس واقع کے بعد وہ گھر سے فرار ہو گئی تھی اور 6 ماہ تک گلیوں میں بھٹکنے کے بعد ایک پناہ گاہ میں جگہ ملی تھی، پولیس کی جانب اُسے وہاں سے بھی نکال دیا گیا۔
میڈیا رپوٹس کے مطابق اینجلیکا گزشتہ ہفتے صبح سویرے چند مچھیروں کو سمندر کی سطح پر تیرتے ہوئے ملی تھی۔
اس واقع سے متعلق مچھیروں کا بتانا ہے کہ اُنہیں سطح سمندر پر کوئی عجیب و غریب چیز تیرتی نظر آئی، پھر اُنہیں لگا کہ لکڑی ہے لیکن قریب جانے پر معلوم ہوا کہ نظر آنے والی چیز لکڑی نہیں بلکہ ایک نیم بے ہوش خاتون ہے۔
مچھیروں کے مطابق خاتون نے اَدھ کھلی آنکھوں سے اُنہیں دیکھا اور مدد کے لیے ہاتھ بلند کیا، خاتون کی حالت بہت خراب تھی اور آٹھ گھنٹے تک پانی میں رہنے کی وجہ سے اُنہیں ہائپو تھرمیا نامی بیماری لاحق ہو چکی تھی۔
مچھیروں نے خاتون کو پانی سے نکالا تو اُن کے پہلے الفاظ یہ تھے کہ میں دوبارہ زندہ ہوئی ہوں، خدا مجھے مرنے نہیں دینا چاہتا۔