• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بورے والا : تعارف کیوں پوچھا؟ اسسٹنٹ کمشنر کا اسکول گارڈ کیخلاف مقدمہ



اسکول میں داخل ہوتے وقت تعارف کیوں پوچھا؟ بورے والا میں اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگ زیب نے نجی اسکول میں داخلے کے وقت تعارف مانگنے پر سیکورٹی گارڈ کے خلاف مقدمہ درج کرادیا، تاہم علاقہ مجسٹریٹ نے سیکیورٹی گارڈ کی ضمانت منظور کرلی۔

بورے والا میں نجی اسکول میں تعینات اسکول گارڈ اپنی معمول کی ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا تو اچانک اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب اپنے مسلح گارڈز کے ہمراہ بغیر کسی تعارف کے اسکول کے اندر داخل ہونے لگے۔

گارڈز کے پوچھنے پر اے سی کے مسلح گارڈز نے اسے زدوکوب کیا اور اس کے خلاف مقدمہ بھی درج کرادیا۔

ایف آئی آر کے مطابق اسکول گارڈ نے بدتمیزی کی اور کارسرکار میں مداخلت کی۔

اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب نے موقف اختیار کیا کہ گارڈ نے اسکول میں داخل ہوتے اور نکلتے وقت بدتمیزی کی۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نجی اسکول کے گارڈ نے کہا کہ اے سی صاحب کا ٹمپریچر چیک کرنے کی کوشش کی تو ان کے گارڑز نے مارنا شروع کردیا۔

اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وہ مسلح گارڈز کے ساتھ کلاس رومز میں داخل نہیں ہوئے شناخت کرانے کے باوجود سیکورٹی گارڈ نے انہیں روکا، واپس جاتے ہوئے بھی اُن سے سوالات کیے گئے، سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دورے کے موقع پر مسلح گارڈز بھی اے سی کے ساتھ ساتھ ہی تھے۔

دوسری جانب اسکول انتظامیہ کا موقف ہے کہ گارڈ نے اسسٹنٹ کمشنر کا ٹمپریچر چیک کیا اورتعارف پوچھا تو ان کے ساتھ موجود اہلکاروں نے زدوکوب کیا۔

اسکول انتظامیہ نے اعلی حکام سے انصاف کی اپیل بھی کی ہے۔

تازہ ترین