وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ابلاغ شہباز گل بورے والا میں پیش آنے والے واقعے پر برہم ہوگئے، شہباز گل نے کہا کہ یہ شرمناک بات ہے کہ جس پر ظلم ہوا، اسی پر بورے والا کے اسسٹنٹ کمشنر نے پرچہ کٹوا دیا۔
معاون خصوصی شہباز گل نے بوریوالہ واقعے پر کہا کہ ڈی سی صاحب نے انکوائری بھی اسی کے ساتھیوں کو ہی دے دی۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے سب کو پاگل سمجھا ہوا ہے کیا؟ یہ عمران خان کی حکومت ہے، ایسا ظلم نہیں چلے گا۔
شہباز گل نے کہا کہ اے سی اور ایس ایچ او کو فوراً معطل کرکے کارروائی کریں۔
واضح رہے کہ بورے والا میں اسکول میں داخل ہوتے وقت تعارف پو چھنے پر اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگ زیب نے نجی اسکول میں داخلے کے وقت تعارف مانگنے پر سیکورٹی گارڈ کے خلاف مقدمہ درج کرادیا، تاہم علاقہ مجسٹریٹ نے سیکیورٹی گارڈ کی ضمانت منظور کرلی۔
بورے والا میں نجی اسکول میں تعینات اسکول گارڈ اپنی معمول کی ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا تو اچانک اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب اپنے مسلح گارڈز کے ہمراہ بغیر کسی تعارف کے اسکول کے اندر داخل ہونے لگے۔
گارڈز کے پوچھنے پر اے سی کے مسلح گارڈز نے اسے زدوکوب کیا اور اس کے خلاف مقدمہ بھی درج کرادیا۔