اسلام آباد(نمائندہ جنگ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ بیگم ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے حوالے سے اقدامات کی ضرورت ہے، مرض سے آگاہی کیلئے سیمینارز منعقد کئے جائیں، چھاتی کے کینسر کی وجوہات میں موروثی منتقلی سمیت دیگر کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، مرض سے متعلق آگاہی کیلئے میڈیا کا کردار اہم ہے، این جی اوز بیماری سے متعلق ڈیٹابیس کی تیاری میں مدد دیں، ایوان صدر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر کے دو اہم مسائل میں خواتین کی آگاہی اور تشخیص شامل ہیں، یہ مرض قابل علاج ہے اور جلد و بروقت تشخیص سے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے،خواتین اس مرض پربات نہیں کرتیں اور یہ خاموشی سے انسانی جانیں لے رہا ہے، ماہرین صحت، تعلیم، سفارتکار، حکومتی ادارے اور تمام شراکت دار آگاہی پیدا کریں، خاندان میں مرض کی موجودگی سے چھاتی کے کینسر کا رسک بڑھ سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ جو خواتین علاج کی استطاعت نہیں رکھتیں انکے علاج کیلئے مخیر حضرات آگے آئیں اور فلاحی ادارے کام کریں ، ہر ضلع یاکم از کم ڈویژن کی سطح پر چھاتی کے کینسرکے علاج کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے،خواتین کو ہسپتال تک پہنچانے کیلئے کچھ ادارے شٹل سروس شروع کرنا چاہتے ہیں جو قابل تعریف اقدام ہے، تمام سٹیک ہولڈر کے باہمی رابطہ کو بہتر بنایا جائے اور گھر گھر آگاہی فراہم کی جائے ۔