کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت اتوار 4اکتوبر کوکراچی یکجہتی ریلی نکالی جائے گی،ریلی سندھ کی سیاست میں نفرت کو پروان چڑھانے والوں کیخلاف ہوگی، سندھ کے لوگ عمران خان کے ایم کیو ایم کے طرز پر لسانی بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں اورعوام میں شدید بددلی پائی جارہی ہے،ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی، پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی اور کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، سعید غنی نے کہا کہ کراچی یکجہتی ریلی کا آغاز عائشہ منزل سے اتوار کی سہ پہر 2بجے ہوگا، یہ ریلی لیاقت آباد، تین ہٹی، گرومندر، پیپلز سیکرٹریٹ اور لائیز ایریا سے ہوتی ہوئی ایمپریس مارکیٹ صدر پر اختتام پذیر ہوگی جہاں پر ریلی کے قائدین شرکاء سے خطاب کریں گے،کراچی یکجہتی ریلی ماضی میں کراچی میں پیپلز پارٹی کی ہونے والی کامیاب ریلیوں اور جلسوں سے بھی زیادہ کامیاب ہوگی، سعید غنی نے کہا کہ ہم سندھ میں رہنے والے تمام زبان بولنے والوں اور قومیتوں کو سندھی تصور کرتے ہیں، ہم اپنے اردو بولنے والے سندھی بھائیوں اور بہنوں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ اردو بولنے والوں کی شناخت ایم کیو ایم سے قبل ایک مہذب اور پڑھی لکھی قوم کی تھی اور پیپلز پارٹی جلد ہی ان کی اس شناخت کو بحال کروائے گی۔