کراچی (ٹی وی رپورٹ)مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام پارٹیوں کو قیادت کرنے کا موقع ملے گا، شہباز شریف نے نواز شریف کی واپسی کی گارنٹی نہیں لی تھی، شہباز شریف نے کہا تھا نواز شریف علاج مکمل ہونے کے بعد واپس آجائیں گے، وزیراعظم نے گالی گلوچ بریگیڈ کو اپوزیشن اور اداروں میں ٹکراؤ کروانے کیلئے ہدایات دی ہیں، پیپلز پارٹی ، جے یو آئی اور دیگر جماعتوں پر مکمل اعتماد ہے۔ وہ جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔پروگرام میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری بھی شریک تھے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن تحریک کی کوئی اخلاقی حیثیت نہیں اس لئے حکومت کوکوئی خطرہ نہیں ہے، اپوزیشن کی 34ترامیم ماننے سے انکار کیا تو تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے، اپوزیشن کا موقف ہے نیب کے معاملہ پر ریلیف دیدیں تو ملک بالکل ٹھیک ہے ،شہباز شریف کیخلاف 100فیصد دستاویزی ثبوت موجود ہیں، ن لیگ کی باقی قیادت نواز شریف اور مریم نواز کے بیانیہ سے متفق نہیں ہے۔میزبان شہزاد اقبال نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان کی آئندہ ریلیاں اور صدارتی بحث منسوخ ہوسکتی ہیں جو الیکشن پر اثرانداز ہوسکتی ہیں۔مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نےکہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل تمام پارٹیوں کو قیادت کرنے کا موقع ملے گا، نواز شریف بیرون ملک بیٹھ کر بھی پارٹی کی قیادت کرسکتے ہیں، ن لیگ کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور سینٹرل ورکنگ کمیٹی پوری طرح فعال ہے، واٹس ایپ پر بننے والی جے آئی ٹی کا کیا اخلاقی جواز یا اخلاقی دباؤ تھا، نواز شریف کو سزا دینے والا جج کہتا ہے مجھے فلاں فلاں نے بلا کر کہا کہ دونوں ریفرنسوں میں انہیں چودہ چودہ سال سزا دو، ایسی سزا پر اخلاقی دباؤ کی بات کرنے والوں کو شرم آنی چاہئے۔