شیخوپورہ (نمائندہ جنگ ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کو حکمرانوں کے سامنے نہ جھکنے کی سزا دی جا رہی ہے یہ بات انہوں نے شرقپور شریف میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کے بعد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کسی جرم کے بغیر حکمرانوں کے تکبر اور انا پرستی کا نشانہ بنے ہوئے ہیں موجودہ حکمران صحافت سمیت ہر شعبہ زندگی کے لوگوں پر ظلم ڈھا رہے ہیں موجودہ حکمرانوں کو ضلع شیخوپورہ میں صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم میں ہونے والی 41 ارب روپے کی خرد برد کی تحقیقات کا خیال نہ آیا ہے لیکن دنیا ئے صحافت کے ایک بڑے گروپ کے ایڈیٹر انچیف کو انتقام کا نشانہ بنا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو کرپشن کی نشاندہی سے روکنا اور ان کے فرائض کی ادائیگی میں رکاوٹیں کھڑی کرنا بدترین آمریت ہے صحافت میں جب قد غنیں لگنے لگیں تو سمجھ لو کہ حکمرانوں کا بستر گول ہو رہا ہے موجودہ حکمرانوں نے میڈیا اور بالخصوص جنگ / جیو گروپ پر پابندیاں لگا کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ میڈیا کا سامنا نہیں کر سکتے ہیں۔کبھی جیو کو اگلے نمبروں پر ڈال دیا جاتا ہے جہاں پرانے ٹی ویز کے نمبر ہی نہیں ہیں۔ شیخوپورہ میں انتقاماً جیو کو 33 کی بجائے 67 نمبر پر چلایا جا رہا ہے اس طرح حق گوئی کو نہیں دبایا جاسکتا ۔حکمران یاد رکھیں وہ میڈیا کی آواز کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔