پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور میڈیکل کالج (پی ایم سی) پشاور کے زیر اہتمام کویت ٹیچنگ ہسپتال میں امراض قلب سے متعلق بیداری سیمیناراور واک کا انعقاد کیا گیاجس کا مقصد عام لوگوں اور ہیلتھ پروفیشنلز میں دل کی بیماریوں کی علامات اور وجوہات سے متعلق آگاہی ا ور شعور بیدار کرنا تھا۔اس موقع پر ڈاکٹر طاہر شاہ اور ڈاکٹر رؤف نے امراض قلب، اسباب، پیتھالوجی، ہاٹ اٹیک کے عوامل، تشخیص، روک تھام اور علاج سے متعلق لیکچردیئے۔ طبی ماہرین نے بنیادی زور اسیمک امراض قلب کی روک تھام، ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، موٹاپا، کولیسٹرول، سگریٹ نوشی، ورزش کی اہمیت، طرز زندگی میں تبدیلی،چینی،گھی اور نمک کے زیادہ استعمال کے نقصانات پردیا۔ انہوں نے کہا کہ دل کو صحت مند رکھنے کے لئے ہفتے میں کم از کم 30 منٹ روزانہ پیدل چلنا چاہئے۔ انہوں نے شرکاء کو دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے طریقوں سے آگاہ کرنے کے علاوہ خاص کر کھانے میں گھی کا استعمال کم سے کم کرنے، موٹاپے پر قابو پانے اور تسلسل کے ساتھ ورزش پر زور دیااور کہا کہ آدھا پیٹ کھانا کھانے، سادہ خوراک کا استعمال، باقاعدگی سے ورزش اور ذہنی تناؤ کو کم کرنے کے طریقوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے سے نہ صرف امراض قلب بلکہ بے شمار دوسری بیماریوں سے بھی بچا جا سکتا ہے۔