• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈین اداکار سشانت سنگھ کی موت خودکشی قرار، قتل کا امکان رد

بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے معاملے میں قتل کے امکان کو رد کردیا گیا جبکہ ان کی موت کو خودکشی قرار دے دیا گیا۔

راوں برس جون میں سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔

ان کی موت کو ابتدا میں ہی خودکشی قرار دیا گیا تھا، تاہم آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) کے ڈاکٹر سدھیر گپتا نے ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا دوبارہ جائزہ لیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر سدھیر نے سشانت سنگھ راجپوت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد کہا ہے کہ آنجہانی اداکار کی موت کی وجہ خودکشی تھی۔

دوسری جانب انھوں نے قیاس آرائیوں کے برخلاف سشانت سنگھ راجپوت کی موت میں قتل کے امکان کو رد کردیا ہے۔

ایمز کے ڈاکٹرز نے اپنے نتائج سینٹرل بیورو آف انوسٹیگیشن (سی بی آئی)  کو 29 اگست کو پیش کیے۔

نئے نتائج بھی سشانت سنگھ راجپوت کے پہلی پوسٹ مارٹم رپورٹ ہی کی طرح کے نتائج سے ملتے جلتے ہیں جو کوپر اسپتال میں کی گئی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد بھی اس جانب اشارہ کرتے ہیں کہ یہ کیس خودکشی کا ہے۔

واضح رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد تحقیقاتی اداروں نے مختلف زایوں سے اس کی تحقیقات شروع کیں تو معاملہ بالی ووڈ میں ڈرگز مافیا اور سشانت کے منشیات استعمال کرنے تک پہنچا۔

اس سلسلے میں سشانت کی سابقہ دوست اور اداکارہ ریا چکرورتی اور ان کے بھائی کو گرفتار کیا گیا جن پر الزام ہے کہ انھوں نے سشانت کو ڈرگز کا عادی بنایا، جبکہ ریا نے بالی ووڈ میں ڈرگز مافیا سے متعلق بڑے انکشافات بھی کیے۔

ادھر اب پوسٹ مارٹم رپورٹ سے متعلق نئے نتائج سامنے آنے کے بعد سی بی آئی کا کہنا ہے کہ وہ خودکشی کے زاویے سے اس معاملے کی تحقیقات جاری رکھے گی اور خودکشی کے لیے اکسانے جیسے معاملے کی بھی تحقیقات کی جائے گے۔

اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس معاملے میں تمام پہلو کھلے ہوئے ہیں، اگر کوئی شواہد سامنے آتے ہیں تو اس کیس میں قتل کی دفعات بھی شامل کی جائیں گی، لیکن سی بی آئی اس معاملے کی گزشتہ 57 دن سے تحقیقات کر رہی اور اب تک ایسا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب سشانت سنگھ راجپوت کے اہلِ خانہ کے وکیل نے دعویٰ کیا تھا کہ ایمز کے ڈاکٹرز کے مطابق آنجہانی اداکار کی موت کی وجہ 200 فیصد گلا گھٹنے کی وجہ سے ہوئی تھی۔

اسی دعوے کو ایمز کے ڈاکٹر سدھیر گپتا نے بے بنیاد قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ابھی بھی اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل سشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے فوٹوز اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے بھائی کے مداحوں کے لیے ایک پیغام میں کہا تھا کہ ہم سچائی جاننے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں، ہمیں سی بی آئی پر بھروسہ ہے۔

تازہ ترین