لاہور (نمائندہ خصوصی، نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نےکہا ہے کہ کشمیر میں گزشتہ 14ماہ سے لاک ڈاؤن ہے ۔ حکمران کشمیری ماؤں ، بہنوں ، بیٹیوں کی چیخ و پکار سنیں اور انہیں بھارتی فوج کے ظلم و جبر سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں مظلوم کشمیریوں کوتنہا نہیں چھوڑینگے۔ جماعت اسلامی کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کے ساتھ ہے اور کبھی بھی اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلا م آباد میں آزاد کشمیر کے صدر مسعود احمد خان اور وزیراعظم راجا فاروق حیدر سے ملاقات کے دوران کیا، کشمیر کی بدلتی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ۔ پاکستان کی تکمیل، سالمیت اور تحفظ کے لیے کشمیر کی آزادی ناگزیر ہے ۔ تحریک آزادی کشمیر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر دوبارہ منظم کرنے کے لیے ہر سطح پر لابنگ کی ضرورت ہے ۔ آزادی کشمیر کی جدوجہد میں پاکستان کو محض ایک فریق نہیں ، ہراول دستے کا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت کشمیر کی صورتحال انتہائی حساس ہوچکی ہے ۔