• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلیکٹڈ حکمرانوں سے عوام کو جلد نجات دلائینگے‘پی ڈی ایم

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی ضلعی کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے دفتر میں ہوا جس کی صدارت پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر میر ولی محمد قلندرانی نے کی ۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے طالب حسین ہزارہ ، نور الدین کاکڑ ، جمعیت کے مولوی محمد ایوب ایوبی ، حافظ مسعود ، میر فاروق لانگو ، بی این پی کے یونس بلوچ ، آغا شاہ خالد ، اے این پی کے حاجی نذر علی پیرعلیزئی ، شاہ عالم ، پشتونخوامیپ کے ندا سنگر ، قیاس افغان ، مسلم لیگ (ن) کے عبدالوہاب اٹل ، نثار احمد اچکزئی ، قومی وطن پارٹی کے زیرک خان ، روح اللہ خان داوی اور مرکزی جمعیت اہلحدیث کے محمد ذکریا ذاکر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں 11 اکتوبر کے پی ڈی ایم کے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اور مختلف کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسہ سلیکٹڈ حکمرانوں کے خاتمے میں سنگ میل ثابت ہوگا ، حکومت نے عوام کو بے روزگاری ، مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا عوام خودکشیاں کررہے ہیں پی ڈی ایم عوام کو موجودہ نااہل اور سلیکٹڈ حکمرانوں سے نجات دلاکر دم لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے عوام بیزارہوگئے ‘حکومت کے دو سالہ دور میں معیشت تباہ اور مہنگائی آسمان سے چھونے لگی ‘اگر عوام دشمن حکمران مزید اقتدارمیں رہے تو ملک کا دیوالیہ نکل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کی ملک گیر تحریک کو قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے جس کا عملی ثبوت حکومت11اکتوبر کو کوئٹہ میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے میں دیکھ لے گی۔
تازہ ترین