• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انوراگ کشیپ کی ہراسانی الزامات کی تردید، دستاویزی ثبوت پیش کردیئے

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ انڈسٹری کے فلم ساز انوراگ کشیپ نے اداکارہ پائل گھوش کے ساتھ اگست 2013 میں مبینہ جنسی زیادتی کے الزام کی تردید کی ہے۔ انوراگ کشیپ کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کے وقت بھارت میں نہیں تھے بلکہ ان دنوں وہ سری لنکا میں اپنی ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔انوراگ کشیپ کی وکیل کے مطابق جمعرات کو ممبئی پولیس نے انوراگ سے تقریباََ آٹھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی، جب کہ انوراگ کشیپ نے پولیس کو اپنے اس دعوے کے دستاویزی ثبوت پیش کیے جو یہ ثابت کرتے ہیں کہ وہ اگست 2013 میں سری لنکا میں تھے۔انوراگ کشیپ کی وکیل پریانکا کھیمانی نے جمعے کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ انوراگ نے قطعی طور پر اس بات کی تردید کی ہے کہ اس طرح کا کوئی بھی واقعہ پیش آیا تھا۔ انہوں نے خود اوپر لگائے جانے والے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ انوراگ کشیپ کے خلاف لگائے گئے الزامات کا مقصد عوام کے سامنے ان کا تشخص خراب کرنا ہے۔پائل گھوش نے 23 ستمبر کو ممبئی کے ایک پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی تھی جس میں اداکارہ نے الزام لگایا تھا کہ انوراگ کشیپ نے اگست 2013میں انہیں فلموں میں کام دینے کے بہانے وارسوا میں واقع اپنے گھر بلایا جہاں ان کے ساتھ زیادتی کی گئی۔پائل گھوش کے مطابق انوراگ کشیپ نے مبینہ طور پر انہیں خاموش رہنے کی دھمکی بھی دی تھی۔اداکارہ کے ان تمام الزامات کو انوراگ کشیپ نے بے بنیاد قرار دیا ہے۔انوراگ کشیپ کی وکیل نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ’’جھوٹے الزامات‘‘ سے ان کے مؤکل کو بہت تکلیف پہنچی ہے۔ ان کے بقول یہ تمام الزامات جھوٹے، جعلی اور بے ایمانی پر مبنی ہیں۔

تازہ ترین