• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چکوترے کے حیرت انگیز فوائد اور نقصانات

سِٹریس فیملی سے تعلق رکھنے والا وٹامن سی سے بھر پور پھل گریپ فروٹ یعنی چکوترا اکثر و بیشتر افراد کو پسند ہوتا ہے مگر اس کے استعمال سے صحت پر آنے والے حیرت انگیز فوائد سے لوگ نا واقف ہیں۔

ماہرین غذائیت کے مطابق چکوترا ایسا پھل ہے جسے شوگر کے مریض بھی استعمال میں لا سکتے ہیں، چکوترے کے 100 گرام میں 42 کیلوریز پائی جاتی ہیں جبکہ وٹامنز اور منرلز کے لحاظ سے چکوترے میں 135 ملی گرام پوٹاشیم، 11 گرام کاربوہائیڈریٹس، 1.6 گرام ڈائیٹری فائبر، 7 گرام شوگر پائی جاتی ہے۔

اسی طرح اگر وٹامنز کی بات کی جائے تو چکوترے میں 23 فیصد وٹامن اے ، 2 فیصد کیلشیم ، 52 فیصد وٹامن سی، 5 فیصد وٹامن بی6، 2 فیصد میگنیشیئم پایا جاتا ہے ۔

ماہرین غذائیت کے مطابق چکوترے کے استعمال سے نہ صرف مجموعی صحت پر مثبت اثر پڑتا ہے جبکہ اس کے روزانہ کی بنیاد پر استعمال سے وزن میں کمی اور جلد کے مسائل حل ہوتے ہیں جبکہ چکوترا بلڈ پریشر اور شوگر لیول کو متوازن رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے ۔

ماہرین غذائیت کی جانب سے چکوترا تجویز کیا جاتا ہے جبکہ اس کے کھانے سے صحت پر آنے والے مثبت اثرات سے چند فوائد اور خطرات مندرجہ ذیل ہیں جنہیں جاننا ضروری ہے :

بڑھاپے کے عمل کو سست رفتار بناتا ہے

چکوترے میں کافی مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹس اجزا پائے جاتے ہیں جو جلد جوان رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں اور جھریوں کے خلاف مزاحمت پیدا کرتے ہیں ، چکوترے میں ایک جز ’ سپیرمیڈائن ‘ پایا جاتا جس کے سبب عمر بڑھانے والے خلیات کی افزائش میں سُستی آتی ہے۔

چکنی جلد کے مسائل میں معاون

گریپ فروٹ کے استعمال سے جِلد پر آنے والے اضافی تیل کی قدرتی طور پر افزائش کم ہو جاتی ہے، چکوترے کا استعمال کھلے مساموں کو بند کرتا ہے اور ایکنی کیل مہاسوں کا خاتمہ کرتا ہے۔

وزن میں کمی کا سبب

طبی ماہرین و ماہرینِ فٹنس کے مطابق روزانہ اگر ایک گلاس چکوترے کا جوس پینا عادت میں شامل کر لیا جائے تو یہ تیزی سے وزن میں کمی لاتا ہے اور اضافی چربی کو بگھلنے میں مدد دیتا ہے، چکوترا میٹابولزم کے نظام کی کارکردگی کو بڑھاتا ہے اور پیٹ اور آنتوں کی صفائی میں معاون ہے۔

کولیسٹرول و شوگر کی سطح متوازن کرتا ہے

طبی تحقیق کے مطابق سرخ چکوترے کے ایک ماہ تک روزانہ استعمال سے کولیسٹرول کی سطح میں 15 فیصد تک کمی کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق چکوترے کے پھل کے ساتھ مخصوص ادویات جیسے کہ امراض قلب کی ادویات کا استعمال خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، جن افراد میں دل کی صحت سے متعلق شکایات پائی جاتی ہیں اُنہیں اپنے معالج سے پوچھ کر چکوترا استعمال کرنا چاہیے ۔

چکوترے کے استعمال سے گردوں میں پتھری کا خطرہ

گردوں میں پتھری کی بڑی وجہ کیلشیئم کی ایک مخصوص قسم کا بڑھ جانا ہے، چکوترے، سیب اور مالٹے وغیرہ کیلشیئم کی سطح کو بڑھاتے ہیں جس کے نتیجے میں پتھری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق چکوترے کا بہت زیادہ استعمال کرنے سے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے ۔

منہ کے چھالوں کے لیے  مضر صحت

اگر منہ میں چھالے ہو رہے ہیں تو چکوترے کو کھانے یا اس کا جوس پینے سے گریز کریں، چکوترے میں موجود تیزابیت چھالوں کی جلن مزید بڑھادیتی ہے۔

 چکوترے کی کھٹاس کے سبب دانتوں کے لیے بدترین غذاؤں میں سے ایک مانا جاتا ہے، چکوترے کا زیادہ استعمال دانتوں پر جمی قدرتی حفاظتی پَرت کو متاثر  کرسکتا ہے۔

تازہ ترین