کراچی میں حضرت امام حسین کے چہلم کے مرکزی جلوس کے لیے ٹریفک پولیس نے پلان جاری کردیا ہے۔
8 اکتوبر کو صبح 9 بجےامام حسین کے چہلم کا مرکزی جلوس مارٹن روڈ امام بارگاہ سے نشترپارک پہنچے گا، جہاں مرکزی مجلس برپا کی جائے گی جس کے بعد مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔
کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق مرکزی جلوس نشتر پارک، سر شاہنواز بھٹو روڈ، فادر جیمس روڈ سے گزرے گا اور محفل شاہ خراساں پر آنے کے بعد ایم اے جناح روڈ، مینسفیلڈ اسٹریٹ کا راستہ اختیار کرے گا۔
اس کے بعد مرکزی جلوس پریڈی اسٹریٹ سے ہوتا ہوا دوبارہ ایم اے جناح روڈ آئے گا اور امام بارگاہ حسینیہ ایرانیہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
جلوس برآمد ہوتے ہی تمام ٹریفک کو سولجر بازار، کوسٹ گارڈز ، انکل یاسر چوک سے جوبلی کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
ناظم آباد سے آنے والا ٹریفک لسبیلہ سے نشتر روڈ اور گارڈن، لیاقت آباد سے آنے والے ٹریفک کو ڈاکخانہ، پرانی سبزی منڈی اور یونیورسٹی روڈ جبکہ اسٹیڈیم سے آنے والے افراد نیو ایم اےجناح روڈ سے کشمیر روڈ، شارع قائدین اور شارع فیصل اختیار کر سکتے ہیں۔
نیشنل ہائی وے سے شہر جانے والے راشد منہاس روڈ، اسٹیڈیم روڈ، حسن اسکوائر سے سائٹ کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں جبکہ چھوٹی یا بڑی ٹریفک کو گرو مندر چوک سے آگے جلوس کے روٹ پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔