• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ کا وزیراعظم عمران خان پر ریاستی طاقت کے غلط استعمال کا الزام


اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) نے وزیر اعظم عمران خان پر ریاست کی طاقت کے غلط استعمال کا الزام عائد کردیا ہے۔

ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو میں عمران خان پر کئی الزامات لگائے اور کہا کہ وزیر اعظم نے ریاست کی طاقت کا غلط استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بشیر میمن پر شریف خاندان کے خلاف کارروائی کے لیے دباؤ ڈالا۔

ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بشیر میمن سے کہا کہ شریف خاندان اور بالخصوص اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اہلیہ کے خلاف کرپشن کا کیس بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کے خلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ بنانے کا بھی کہا، سابق ڈی جی ایف آئی اے کے انکار کے بعد نیب نیازی گٹھ جوڑ بنا۔


مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ بشیر میمن کے الزامات نے اپوزیشن کی باتیں درست ثابت کردیں، ان انکشافات کے بعد عمران خان وزارت عظمیٰ سے مستعفیٰ ہوں اور شہباز شریف کو رہا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بشیر میمن نے بہت سارے انکشافات کیے ہیں، جو ان کے انٹرویو کا حصہ ہیں، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی ان انکشافات پر بات ہورہی ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں سابق ڈی جی ایف آئی اے کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

ن لیگی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں یہ ڈسکس ہورہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو روٹی زمین پر دینی ہے یا ٹیبل پر، نماز کی ادائیگی کے لیے کرسی دی جائے یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چار، پانچ دن سے غداری کا راگ الاپا جارہا ہے، حکومت کی طرف سے غداری الزامات اور مقدمے اور پھر اس کا دفاع کیا جارہا ہے، کل درج کیے گئے غداری کے مقدمے میں وزیر اعظم آزاد کشمیر کا نام بھی شامل ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ بدر رشید کی درخواست پر غداری کا مقدمہ درج کیا گیا، جس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر کا نام بھی شامل ہے اور یہ کہہ رہے ہیں کہ نام کا اندراج ہم نے نہیں کرایا، سیکشن 196 کہتا ہے کہ غداری کا پرچہ سرکار کی اجازت کے بغیر نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومتی ترجمانوں کے درمیان جھوٹ کا مقابلہ جاری ہے، یہ کرائے کے ترجمان ہیں، جو اپنی ساکھ بچارہے ہیں، عوام کو اپوزیشن حقائق سے آگاہ رکھے گی۔

ن لیگی ترجمان نے کہا کہ موجودہ وزیر اعظم فاشسٹ ہیں، بشیر میمن کے انکشافات کے بعد غداری کا مقدمہ تو عمران خان کے خلاف درج ہونا چاہیے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کے گھبرانے کا وقت شروع ہوا چاہتا ہے، وہ پرائم منسٹر ہاؤس سے سامان اٹھالیں، 4 ماہ بعد ان کے گھر جانے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔

تازہ ترین