• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف کا دورہ اسکردو و گلگت، کنٹرول لائن کی صورتحال پر بریفنگ

آرمی چیف کا دورہ اسکردو و گلگت، کنٹرول لائن کی صورتحال پر بریفنگ


کراچی (جنگ نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسکردو اور گلگت کا دورہ کیا جہاں انہیں کنٹرول لائن پر تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے سخت موسم میں سینہ سپر جوانوں اور افسروں کے بلند حوصلے کی تعریف بھی کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اسکردو آمد پر آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا گیا اور ایل او سی پر تعینات دستوں کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے جوانوں کے بلند حوصلوں اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی اور کہا کہ ابھرتے ہوئے خطرات کا مؤثر جواب دینے کیلئے مکمل طور پر تیار رہنے کی ضرورت ہے۔بعد ازاں آرمی چیف نے گلگت کا دورہ کیا اور وہاں اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کے تعاون سے تعمیر کیے جانے والے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس ٹیکنالوجی پارک سے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاعی مواصلات کے شعبے میں تحقیق اور تخلیق کا ماحول پیدا ہوگا اور یہ ادارہ نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافے کا سبب بنے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ادارہ علاقے میں سائبر انڈسٹری کی ترقی میں بھی معاون ثابت ہوگا۔آرمی چیف نے ایس سی او کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دور دراز کے علاقوں میں آئی ٹی انسٹی ٹیوٹس کے قیام سے جدت اور ڈجیٹائزیشن کی حوصلہ افزائی ہوگی اور اس کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔  

تازہ ترین