کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے حج کوٹہ میں کمی کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی ہے۔ ہفتے کوچیف جسٹس سجاد علی شاہ کی سر براہی میں 2رکنی بنچ نے حج کوٹہ میں کمی کیخلاف حج آرگنائزیشن ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ سنایا ۔ واضح رہے کہ دوران سماعت حکومت نے داخل کیے گئےجواب میں سندھ ہائی کورٹ کو بتایا تھا کہ سعودی حکومت نے پاکستان کاحج کوٹہ 1 لاکھ 79 ہزار سے کم کرکے 1 لاکھ43 ہزار کردیاہے،جس پر نجی حج ٹور آپریٹر کا حج کوٹہ کم کیاگیاہے جبکہ تمام اسٹاک ہولڈرز کی سفارشات کی روشنی میں حج پالیسی مرتب گئی ہے اور ڈی جی کمپٹیشن کمیشن کو کہا گیا تھا کہ یکم اپریل سے قبل سفارشات دیدیں۔قبل ازیں درخواست گزار نے اپنے وکیل کے توسط سے دائر آئینی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ حکومت نے طے شدہ پالیسی سے ہٹ کر ان کے کوٹے میں کمی کردی گئی ہے جو کہ مناسب نہیں ہے۔لہذا استدعا ہے کہ طے شدہ حج کوٹہ دینے کے احکامات جاری کیے جائیں۔