• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیری و میگھن، ملالہ کے ساتھ گرلز ایجوکیشن کے عالمی دن پر ورچوئل چیٹ میں شرکت کرینگے

برطانوی شاہی خاندان سے الگ ہوکر امریکا میں مقیم پرنس ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل، لڑکیوں کی تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان سے تعلق رکھنے والی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے ساتھ ایک ورچوئل مذاکرے میں شرکت کریں گے۔

36 سالہ ڈیوک پرنس ہیری اور 39 سالہ ڈچز آف سسیکس میگھن برطانیہ سے امریکا منتقلی کے بعد ان دنوں ریاست کیلیفورنیا کے شہر سانتا باربرا میں 14 ملین ڈالرز کے ایک مینشن میں رہائش پذیر ہیں۔


دونوں پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے غیرمعمولی جدوجہد کرنے والی 23 سالہ ملالہ یوسف زئی کے آن لائن ورچوئل مذاکرہ میں اتوار کو شرکت کرکے اس دن کو منائیں گے۔ شاہی جوڑا لڑکیوں کے حصول علم کے منصفانہ حق کی اہمیت پر ملالہ یوسف زئی سے گفتگو کرے گا۔ 

وہ اس موقع پر لائیو ویڈیو چٹ کے دوران ان رکاوٹوں پر بھی گفتگو کریں گے جس کی وجہ سے اس وقت دنیا بھر میں 13 کروڑ لڑکیاں تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہیں۔

واضح رہے کہ ملالہ یوسفزئی، جوکہ ایک حملے میں شدید زخمی ہوگئی تھیں اور جنھیں بذریعہ ایئر لفٹ پاکستان سے برطانیہ لایا گیا اور ان کا مکمل علاج کیا گیا، صحت یابی کے بعد لڑکیوں کے لیے تعلیمی خدمات پر انھیں 2014 کا نوبیل امن انعام دیا گیا۔ جس کے بعد انھوں نے برمنگھم سے اسکول لیول کی تکمیل کے بعد آکسفورڈ سے ڈگری حاصل کی۔

تازہ ترین