اسلام آباد(ایجنسیاں)معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے بجلی کی قیمت میں اضافے کے حوالے سے خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب ہمیشہ کی طرح آج بھی جھوٹ بول رہی ہیں ‘بلاول بھٹواپنے والد کی لوٹ مار کی سیاست پر چلے تو پنجاب تو دور پیپلزپارٹی کو اگلی بار سندھ بھی نہیں ملے گا‘ ملکی اداروں کے خلاف بہتان بازی اورپاکستان کی سلامتی کے خلاف بات کرنے پر اگر بانی متحدہ پر پابندی لگائی گئی ہے تو نواز شریف پر کیوں نہیں۔جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ان کا کہناتھاکہ آج کچھ جھوٹی خبریں دی گئیں کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے یہ جھوٹی خبر ہے، 0.83 پیسے فیول ایڈجسٹمنٹ کی گئی جو ہر ماہ تیل کی قیمت کے حساب سے کی جاتی ہے۔یہ ن لیگ کی ہمیشہ کی طرح جھوٹ بولنے کی ایک اور قسط ہے جو ہمیں دیکھنے کو ملی۔