اسلام آباد(نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نے اسلام آباد میں نجی اراضیوں کے حصول سے متعلق اٹھنے والے مقدمہ کا تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیاہے اور فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائزہائوسنگ اتھارٹی کا وفاقی ملازمین کی رہائش کیلئے اسلام آباد کی نجی اراضی ایکوائر کرنے کا اختیاربحال کردیاہے جسے اسلام آباد ہائیکورٹ نے ختم کر دیا تھا۔جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس عمر عطاء بندیال ،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل چار رکنی خصوصی بنچ نے جمعرات کے روز مجموعی طور پر 90صفحات پر مشتمل یہ فیصلہ جاری کیا ہے ،جس میں 23صفحات پر مشتمل جسٹس قاضی فائز عیسی کا اضافی نوٹ بھی شامل ہے۔