کراچی(اسٹاف رپورٹر) مبینہ ٹاون پولیس نے جامعہ کراچی میں طالبات کو ہراساں کرنے کے الزام میں 6 نوجوا نوں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ جامعہ کراچی کے کیمپس سیکورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر معیز خان نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی کی حدود میں پیش آنے والے واقعے پر افسوس ہے، 5اکتوبر کو یہ واقعہ پیش آیا تھا اور 7اکتوبر کو جامعہ کراچی انتظامیہ کو درخواست موصول ہوئی، واقعے میں ملوث لڑکوں کی گزشتہ رات ہی نشاندہی کرلی گئی تھی۔سیکورٹی ایڈوائزر نے بتایا کہ گزشتہ رات پولیس نے 6 مشتبہ نوجوانوں ذاکر ، عمیر ، عبد الرحمان ، فیضان ، حماد اور زاور شامل گرفتار کر لیا ہے، مشتبہ لڑکوں کی عمر 16 سے 20 سال ہیں، واقعے پر آئی بی اے ، جامعہ کراچی اور رینجرز رابطے میں ہیں، تمام کارروائی قانون کے مطابق ہوگی ، لڑکے کم عمر ہیں اور جامعہ کے اسٹاف کے بچے ہیں۔ڈاکٹر معیز خان نے کہا کہ شناخت کے لئے شکایت کنندہ کو بلایا گیا، متاثرہ افراد کو ان کی شناخت کرنی ہے، شناخت کا عمل مکمل ہوجانے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی، سوشل میڈیا پر جامعہ کراچی محفوظ نہیں کا ٹرینڈ چلانا غلط ہے۔ادھر گاڑی میں سوار لڑکی اور لڑکے کو ہراساں کرنے کے معاملے پر پولیس نے یونیورسٹی کے گارڈ کا بیان بھی ریکارڈ کرلیا ہے۔