• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ، 15دن میں کورونا کی شرح میں دو گنا اضافہ، دوسری لہر سے لوگوں میں تشویش

راچڈیل (ہارون مرزا) برطانیہ میں 15یوم کے دوران کورونا انفیکشن کی شرح میں دو گنا اضافے نے تھرتھلی مچا دی، مختلف علاقوں میں مزید 16ہزار 214افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق جبکہ 70افراد کی ہلاکت نے برطانیہ بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ 23ستمبر کو 6ہزار 178 مریض سامنے آئے تھے جس کے بعد انفیکشن کی شرح میں مسلسل تیزی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ محکمہ صحت کی طرف سے کورونا کی دوسری سر اٹھاتی لہر میں مزید 6درجن کے قریب افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ہلاکتوں میں مزید اضافے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ اب تک مجموعی طور پر 42ہزار 515افراد کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس کی دوسری زور پکڑتی لہر کے باعث ہسپتالوں میں مریضوں کے داخلوں کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ انگلینڈ کے شمالی علاقہ جات سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، برطانیہ کے مختلف ہسپتالوں میں اعدادو شمار کے مطابق اس وقت 3ہزار 145سے زائد مریض زیر علاج ہیں جو کورونا وائرس کی دوسری لہر کا شکار ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم بورس جانسن کی طرف سے کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر دوبارہ سخت پابندیوں کا اعلان کیا جا چکا ہے جس پر عمل کرایا جا رہا ہے جب کہ مختلف یونیورسٹیوں کی طر ف سے طالبعلموں کے لیے آن لائن تعلیم کا بھی اعلان کیا گیا ہے، عوام کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی مسلسل ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔

تازہ ترین