حکومتِ پاکستان نے ’ڈیجیٹل پاکستان‘ بنانے کے لیے انٹرنیٹ سے متعلق تعلیم عام کرنے کا فیصلہ کرلیا، حکومت نے نوجوان نسل تک انٹر نیٹ کی رسائی یقینی بنانے کا پلان ترتیب دے دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے ’ڈیجیٹل لٹریسی‘ بطور مضمون تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آئندہ سال کے آغاز میں ڈیجیٹل لٹریسی پاکستان کے تعلیمی نصاب کا حصہ ہوگی۔
وفاقی اور صوبائی وزارت تعلیم باہمی مشاورت سے مزید معاملات طے کریں گی، قومی نصاب ونگ کو بھی اس ضمن میں اہم ہدف سونپا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق موبائل صارفین کوانٹرنیٹ، فیس بک جیسی ایپ کے استعمال کی تربیت دی جائے گی، فیس بک کم پڑھے لکھے شہریوں کے لیے مقامی زبان ایپ متعارف کرائے گا۔
خیال رہے کہ عمران خان نے گزشتہ روز فیس بک کی چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) شیرل سین برگ سے ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے فیس بک کی پاکستان میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے فیس بک کی پاکستان میں سرمایہ کاری اورمختلف پروگراموں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے پلیٹ فارمز نوجوانوں کو مواقع دینے میں معاون ژابت ہوسکی ہیں اور غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
عمران خان اور شیرل سین برگ کی ملاقات میں فیس بک کی ڈیجیٹل لٹریسی اور کورونا وائرس کی روک تھام میں تعاون پر بھی بات چیت کی گئی، عمران خان نے آن لائن نفرت انگیز مواد کے پھیلاﺅ پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔